اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی سرکاری اجازت دے دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے نتائج سے باضابطہ آگاہ کیا، جو پی سی بی، آئی سی سی اور بی سی بی کے نمائندوں کے درمیان ہوئے تھے۔
حکومت نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی سی بی کو بھیجی گئی باضابطہ درخواستوں اور سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر رکن ممالک کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات کا بھی جائزہ لیا۔ ان مراسلات میں پاکستان سے حالیہ چیلنجز کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ حکومت نے بی سی بی کے صدر امین الاسلام کے بیان کو بھی نوٹ کیا اور پاکستان نے بنگلہ دیش کی جانب سے اظہار تشکر کو گرمجوشی اور خلوص کے ساتھ قبول کیا۔ پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔


