چیچہ وطنی میں کھلی کچہری، عوامی مسائل کے فوری حل کے احکامات

ساہیوال(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایات پرعوامی مسائل کےفوری اور مؤثر حل کو یقینی بنانے کے لیے میونسپل کمیٹی ہال چیچہ وطنی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل اور ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ساہیوال ایاز سلیم نے کی، جہاں شہریوں کو بلاواسطہ اپنی شکایات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی فلاح، شفاف طرزِ حکمرانی اور شہریوں کے مسائل کا بروقت ازالہ ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل سطح پر کھلی کچہریوں کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

کمشنر ساہیوال نے کھلی کچہری کے دوران مختلف محکموں سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے اور واضح کیا کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال ایاز سلیم نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے پولیس سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں پر فوری قانونی کارروائی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا شفاف اور میرٹ پر ازالہ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عثمان ٹیپو، اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی جاوید ممتاز لکھویرا سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر شہریوں نے مختلف نوعیت کے مسائل پیش کیے، جن پر متعلقہ محکموں کو فوری اور واضح احکامات جاری کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں