پولیو کے مکمل خاتمے تک غفلت ناقابلِ برداشت ہے، ڈپٹی کمشنر آصف رضا

پاکپتن(ایچ آراین ڈبلیو) ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا نے کہا ہے کہ بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنا قومی فریضہ ہے اور پولیو کے مکمل خاتمے تک کسی بھی سطح پر غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کے تمام مراحل بروقت، منظم اور مقررہ ایس او پیز کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ کوئی بھی بچہ حفاظتی قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔ انہوں نے ہاؤس ٹو ہاؤس کوریج کو ہر صورت یقینی بنانے، پولیو ٹیموں کی مؤثر نگرانی اور فیلڈ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر فائزہ کنول نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2 فروری سے 5 فروری 2026ء تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں 3 لاکھ 92 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے موبائل، فکسڈ اور ٹرانزٹ ٹیموں پر مشتمل 3515 افسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے جبکہ تمام یونین کونسلز میں مؤثر فیلڈ مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی، کولڈ چین کے تسلسل، لاجسٹک سپورٹ اور ڈیٹا رپورٹنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ اجلاس کے اختتام پر والدین سے اپیل کی گئی کہ وہ انسداد پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے لازمی پلوائیں تاکہ ملک کو پولیو فری بنانے کا خواب پورا کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں