اگر جنگ مسلط کی گئی، تو یہ بھارت کی سیاسی و عسکری خودکشی ہو گی، شرجیل میمن

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم نے اپنے ملک میں دہشتگردی کے نیٹ ورکس ختم کر دیے ہیں جبکہ بھارت خود پاکستان میں دہشتگردی کو ہوا دیتا رہا ہےانہوں نے واضح کیا کہ پاکستان دہشتگردی کا خود شکار رہا ہے اور 70 ہزار سے زائد شہریوں نے اس جنگ میں اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری شہید رہنما محترمہ بے نظیر بھٹو دہشتگردی کا نشانہ بنیں، اس جنگ میں بچے، جوان اور بزرگ سب نے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے 9/11 کے بعد عالمی برادری کی توجہ کو استعمال کرتے ہوئے کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کی تحریک کو دہشتگردی کا نام دیا۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے، ان کے رہنماؤں کو جھوٹے مقدمات میں قید کیا گیا، نوجوانوں کو شہید کیا گیا، اور انہیں بندوق کی نوک پر دبایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بھارت پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کا الزام بھی عائد کیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ بھارت دنیا کو گمراہ کرنے کے لیے پروپیگنڈے اور فریب کا سہارا لیتا ہے، حالیہ پہلگام واقعہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی آزاد، غیرجانبدار اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ اصل حقائق دنیا کے سامنے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مودی حکومت کے کسی سیاسی کھیل سے خوفزدہ نہیں ہے، کلبھوشن یادیو جیسے بھارتی ایجنٹ کی موجودگی بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرتی ہے۔ پہلگام واقعے کو انہوں نے بھارت کی سیکیورٹی ایجنسیوں کی مکمل ناکامی قرار دیا۔

انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر جنگ مسلط کی گئی، تو یہ بھارت کی سیاسی و عسکری خودکشی ہو گی۔ پاکستان ایٹمی طاقت ہے، اور ہماری قوم اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین فوج، نیوی اور ایئر فورس موجود ہے اور قوم کا ہر فرد مادرِ وطن کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نام نہاد جمہوری بھارت نے پاکستان کے میڈیا ہاؤسز اور یوٹیوبرز کو بلاک کر دیا ہے جبکہ پاکستان میں اظہارِ رائے کی مکمل آزادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس وقت خوف کا شکار ہے، اور اس کی بوکھلاہٹ واضح طور پر نظر آ رہی ہے۔

سندھ کے وزیر نے آخر میں واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن اپنی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ اگر سندھ طاس معاہدے کو چھیڑا گیا، تو جیسا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا: ‘پانی نہیں بہے گا تو خون بہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا، ہم کمزور نہیں ہم امن کے خواہاں ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں