حیدرآباد میں پولیس موبائل کے حادثے کے بعد چار ملزمان فرار، آئی جی سندھ کا نوٹس

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)حیدرآباد کی حدود میں ملزمان کو لے جانے والی پولیس موبائل کے حادثے کے نتیجے میں چار ملزمان کے فرار ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔

آئی جی سندھ نے واقعے کی تفصیلات ڈی آئی جی حیدرآباد سے طلب کرتے ہوئے مفرور ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے حکم دیا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے متعلقہ علاقوں میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن فوری طور پر شروع کیے جائیں۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے علیحدہ تحقیقاتی ٹیم قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی ہر پہلو سے شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ غفلت یا لاپرواہی کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

آئی جی سندھ نے واضح کیا کہ پولیس حراست میں ملزمان کے فرار جیسے واقعات کسی صورت قابل قبول نہیں اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں