پاکپتن(ایچ آراین ڈبلیو)ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن کے مطابق شہریوں کو مہنگائی سے حقیقی ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اسی مقصد کے تحت ضلع پاکپتن میں ریت اور اینٹوں کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے سخت مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سرکاری نرخوں سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔ پیرا فورس، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور کنزیومر پروٹیکشن کونسل کے انسپکٹرز فیلڈ میں متحرک ہیں اور تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
آصف رضا کے مطابق ضلع پاکپتن میں عام ریت (100 کیوبک فٹ) کی قیمت 5 ہزار روپے، بھسر کی قیمت 3 ہزار 400 روپے، اینٹ درجہ اول 12 ہزار روپے جبکہ اینٹ درجہ دوم 9 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ سرکاری نرخوں سے زائد وصولی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر پاکپتن نے شہریوں سے اپیل کی کہ زائد وصولی کی صورت میں فوری طور پر ڈی سی آفس پاکپتن کے کنٹرول روم نمبر 045-7921020 پر رابطہ کریں یا آن لائن ویب سائٹ cms.dcpakpattan.gov.pk پر اپنی شکایت درج کروائیں۔


