وہاڑی(ایچ آراین ڈبلیو)ستھرا پنجاب مہم وہاڑی کی مصروف ترین دولتانہ مارکیٹ روڈ پر دم توڑتی نظر آ رہی ہے، جہاں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیروں نے انتظامیہ کے دعوؤں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ مقامی رہائشیوں اور دکانداروں کے لیے اس سڑک سے گزرنا مشکل ہو چکا ہے جبکہ تعفن اور غلاظت کے باعث بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے صوبہ بھر میں صفائی کے حوالے سے بڑے بڑے دعوے کیے جا رہے ہیں، تاہم دولتانہ مارکیٹ روڈ پر موجود کچرے کے انبار ان دعوؤں کی نفی کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کی غفلت کے باعث سڑک کے کنارے کچرا جمع ہو چکا ہے جو نہ صرف شہر کی خوبصورتی کو متاثر کر رہا ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بھی بن رہا ہے۔
عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر اس علاقے سے کچرا اٹھوایا جائے اور مستقل صفائی کا مؤثر نظام وضع کیا جائے تاکہ ستھرا پنجاب مہم صرف کاغذی کارروائی تک محدود نہ رہے بلکہ عملی طور پر بھی نظر آئے۔


