راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)اولادِ نرینہ کے معاملے پر حسد اور ذاتی رنجش کے باعث 10 دن کے نومولود بچے کو قتل کرنے والی تائی کو تھانہ جاتلی پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق گرفتار خاتون نومولود کی تائی ہے، جس نے مبینہ طور پر ذاتی رنجش کی بنا پر معصوم بچے کو گھر کے کنویں میں پھینک کر قتل کر دیا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی نے ملوث ملزمہ کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔
پولیس کے مطابق نومولود کے اغواء کا مقدمہ دو روز قبل بچے کے والد کی مدعیت میں تھانہ جاتلی میں درج کیا گیا تھا۔ دورانِ تفتیش جب خاتون کو شاملِ تفتیش کیا گیا تو اس نے قتل کا اعتراف کر لیا۔
ایس پی صدر انعم شیر نے بتایا کہ گرفتار ملزمہ کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور اسے عدالت میں چالان پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔


