کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) بلدیہ ٹاؤن رئیس گوٹھ کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سواروں کو روند ڈالا اور حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت اشفاق جبکہ زخمی کی شناخت عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے، دونوں افراد حساس ادارے کے سول ملازمین بتائے جا رہے ہیں۔ لاش اور زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
موچکو پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی ہے اور حادثے میں ملوث ٹرک کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔


