50

بلوچستان میں شدید سردی، پائپ لائنوں اور تالابوں میں پانی منجمد

بلوچستان(ایچ آراین ڈبلیو)شمالی و بالائی بلوچستان میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے، تاہم سائبرین ہواؤں کا راج برقرار ہے جس نے درجہ حرارت انتہائی کم کر دیا ہے۔

شدید سردی کے باعث کوئٹہ، قلات، چمن اور زیارت میں گھروں کی پائپ لائنوں میں پانی جم گیا، جبکہ تالابوں اور سڑکوں پر بھی پانی منجمد ہو گیا ہے۔ شہری پینے کے پانی کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق، کوئٹہ-زیارت شاہراہ کے کئی مقامات برف سے ڈھک گئے ہیں، جبکہ اگلے 24 گھنٹوں کے لیے سیاحوں کی زیارت جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ این 50 ژوب ہائی وے بھی کئی مقامات پر بند ہے۔

چمن، قلعہ عبداللہ، زیارت، پشین، توبہ اچکزئی اور دیگر علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے، جبکہ بالائی اور پاک-افغان سرحدی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 12 ڈگری تک گر گیا۔

انتظامیہ نے نمک پاشی اور جدید مشینری کے ذریعے برف ہٹانے کے آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں