کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو)بلوچستان بار کونسل کے سابق وائس چیئرمین راحب خان بلیدی نے انسانی حقوق کے کارکن ایمان مزاری اور ان کے شوہر ایڈووکیٹ ہادی چھٹہ کی گرفتاری کو آئین و قانون کے منافی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔
راحب بلیدی نے کہا کہ انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے افراد کو ماورائے آئین طریقے سے گرفتار کرنا ناقابل قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایمان مزاری اور ہادی چھٹہ کو عدالت پیشی کے دوران جبری طور پر حراست میں لیا گیا، جو کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے آئین و قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
سابق وائس چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ فوری طور پر ایمان مزاری اور ہادی چھٹہ کو رہا کرے اور واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں افراد ہمیشہ انسانی حقوق اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے آواز بلند کرتے رہے ہیں۔
کوئٹہ: مشرقی بائی پاس شاہوانی چوک پر فائرنگ
مشرقی بائی پاس شاہوانی چوک پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کی میت ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال منتقل کی گئی، جبکہ پولیس واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہے۔


