**کراچی (ایچ آر این ڈبلیو):** ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے گل پلازا میں لگنے والی آگ اور جانی نقصان کے حوالے سے اہم تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب تک عمارت سے **55 سے 60 کے قریب لاشیں** برآمد کی جا چکی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی جنوبی نے کہا کہ اس بات کی تفصیلی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آگ لگنے کے وقت عمارت کے **دروازے کیوں بند تھے**، جس کی وجہ سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ اس سلسلے میں عینی شاہدین اور متعلقہ افراد کے بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو اہلکار ایک بار پھر عمارت کے اندر داخل ہوئے ہیں تاکہ پوری عمارت کی دوبارہ سرچنگ کی جا سکے۔
جاوید نبی کھوسو نے مزید کہا کہ بھاری مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹانے کا کام عارضی طور پر روک دیا گیا ہے کیونکہ مشینری کے استعمال سے متاثرہ عمارت کے گرنے کا شدید خدشہ ہے۔ ملبے کے باعث گرنے والے حصوں میں سرچنگ فی الحال ممکن نہیں، جو ملبہ ہٹنے کے بعد ہی مکمل کی جا سکے گی۔ انتظامیہ کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے ورثاء اور لاشوں کے **ڈی این اے (DNA) سیمپل** لیے جا رہے ہیں، تاہم بعض انسانی اعضاء کی حالت ایسی ہے جن کا ڈی این اے ٹیسٹ کرنا انتہائی مشکل ثابت ہو رہا ہے۔


