**لاہور (ایچ آر این ڈبلیو):** لاہور کے علاقے بھیکیوال میں شیرنی کے بچی پر حملے کے واقعے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچی کو زخمی کرنے والی شیرنی برآمد کر لی اور اس کے مالکان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق، واقعے کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے شیرنی سمیت فرار ہو گئے تھے، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر عمر کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پیچھا کرتے ہوئے محض تین گھنٹے کے اندر ہی ملزمان کو نواں کوٹ کے علاقے سے دھر لیا۔
تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان کے پاس شیرنی رکھنے کا کوئی قانونی لائسنس موجود نہیں تھا اور وہ غیر قانونی طور پر اسے رہائشی علاقے میں رکھے ہوئے تھے۔ پولیس نے شیرنی کو قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ایس پی اقبال ٹاؤن کا کہنا ہے کہ انسانی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔


