**لاڑکانہ (ایچ آر این ڈبلیو):** لاڑکانہ پولیس نے فعال پیٹرولنگ اور کوئیک رسپانس کی بہترین مثال قائم کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور شہری سے چھینی گئی موٹر سائیکل بروقت برآمد کر لی۔
تفصیلات کے مطابق، تھانہ باقرانی کی حدود مڈ روڈ پر مسلح ملزمان نے ایک شہری، بھائی خان سیال، سے اس کی ہنڈا 125 موٹر سائیکل چھینی اور فرار ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او باقرانی انسپیکٹر سجاد احمد بھٹی نے پولیس نفری کے ہمراہ علاقے کی فوری ناکہ بندی کی اور ملزمان کا تعاقب کیا۔ پولیس کے دباؤ اور بھرپور کارروائی کے نتیجے میں ملزمان موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے، جس کے بعد پولیس نے 2020 ماڈل کی چھینی گئی ہنڈا 125 بحفاظت برآمد کر لی۔
متاثرہ شہری نے پولیس کی اس شاندار اور برق رفتار کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور ایس ایس پی لاڑکانہ احمد چودھری اور ڈی ایس پی باقرانی فہد ارشاد مغل کا شکریہ ادا کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور بہت جلد انہیں قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔


