56

لاڑکانہ میں پولیس مقابلہ: خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد

**لاڑکانہ (ایچ آر این ڈبلیو):** لاڑکانہ پولیس نے اللہ آباد تھانہ کی حدود میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک بدنام زمانہ ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ ترجمان لاڑکانہ پولیس کے مطابق، تھانہ اللہ آباد کی پولیس ٹیم ایئر ویز والے علاقے میں معمول کے گشت پر تھی کہ وہاں جرائم کی نیت سے کھڑے ڈاکوؤں سے سامنا ہو گیا۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی۔

طرفین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جسے پولیس نے فوری طور پر قابو کر لیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ گرفتار ڈاکو کی شناخت علی عرف علی حیدر ولد گلزار ابڑو کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے ایک 30 بور پستول اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم ایک پیشہ ور اور عادی مجرم ہے، جس کے خلاف تھانہ تعلقہ سمیت مختلف تھانوں میں ڈکیتی، اقدامِ قتل اور پولیس پر حملوں کے 6 سے زائد سنگین مقدمات پہلے ہی درج ہیں۔ ملزم کا مزید مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے زخمی ڈاکو اور اس کے مفرور ساتھیوں کے خلاف پولیس مقابلے اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے دو الگ الگ مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں