51

کراچی: منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام، جسم پر چرس باندھ کر لانے والا اسمگلر گرفتار

**کراچی (ایچ آراین ڈبلیو)**: کیماڑی پولیس نے شہر میں منشیات کی ترسیل کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے چار کلو سے زائد چرس برآمد کر لی۔ ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ کے مطابق، موچکو چوکی پولیس نے دورانِ پیٹرولنگ ایک مشکوک شخص کو روکا جس کی تلاشی لینے پر بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی۔

گرفتار ملزم کی شناخت عبدالباری کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم منشیات کی اسمگلنگ کے لیے انتہائی انوکھا اور خطرناک طریقہ کار اپنا رہا تھا؛ وہ چرس کے پیکٹ اپنے جسم کے مختلف حصوں پر باندھ کر مسافر بسوں کے ذریعے سفر کرتا تھا تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچ سکے۔

ایس ایس پی امجد شیخ نے مزید انکشاف کیا کہ یہ منشیات کوئٹہ سے حب چوکی لائی جاتی تھی اور وہاں سے اسے کراچی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ موچکو میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر کارندوں کا سراغ لگایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں