ٹریفک وارڈن محمد عمر نے ایمانداری کی روشن مثال قائم کر دی

سانگلہ ہل(ایچ آراین ڈبلیو) ٹریفک وارڈن محمد عمر نے دیانتداری، فرض شناسی اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے عوام کے دل جیت لیے۔

تفصیلات کے مطابق دورانِ ڈیوٹی شیر والا چوک میں ٹریفک وارڈن محمد عمر کو سڑک پر بھاری رقم ملی، جس پر انہوں نے ذاتی فائدہ اٹھانے کے بجائے فوراً اصل مالک کی تلاش شروع کر دی۔ وارڈن محمد عمر نے اپنے انچارج اور ٹریفک پولیس کے دیگر اہلکاروں کی مدد سے بھرپور کوشش کے بعد رقم کی اصل مالک کو تلاش کر لیا۔

رقم کی مالک ایک یونیورسٹی کی طالبہ نکلی، جسے مکمل رقم بحفاظت واپس کر دی گئی۔ رقم واپس ملنے پر طالبہ اور اس کے اہلِ خانہ نے ٹریفک پولیس کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو قابلِ فخر قرار دیا۔

سانگلہ ہل کے عوامی، سماجی اور مذہبی حلقوں نے ٹریفک وارڈن محمد عمر کی ایمانداری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ شہریوں نے کہا کہ ایسے فرض شناس اور دیانتدار اہلکار معاشرے کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور محکمہ پولیس کا روشن چہرہ ہیں۔

عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک وارڈن محمد عمر کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا جائے تاکہ دیگر اہلکار بھی ایمانداری کی ایسی مثالیں قائم کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں