منڈی بہاالدین(ایچ آراین ڈبلیو) 26 سالہ جرمن ڈاکٹر سلما نے محبت کے سفر پر پاکستان کا سفر کیا اور 22 سالہ محمد اکمل سے شادی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق، محمد اکمل منڈی بہاالدین کے گاؤں دیفار کے رہائشی ہیں۔ ان کی ملاقات سلما سے آن لائن گیم “روبلاکس” کے ذریعے ہوئی، جس کے بعد تقریباً پانچ ماہ تک دونوں آن لائن رابطے میں رہے۔ بعد ازاں سلما نے پاکستان آ کر شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔
محمد اکمل نے بتایا کہ پہلے دن ہی انہوں نے سلما کو پروپوز کیا اور کچھ دنوں کی رکاوٹ کے بعد سلما پاکستان پہنچ گئیں۔ سلما نے کہا کہ گاؤں کی زندگی اور روزمرہ کے کام دیکھ کر ابتدا میں حیرت ہوئی، مگر وہ خوش تھیں کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ ہیں۔
سلما نے بتایا کہ کپڑے اور برتن دھونا، روٹی بنانا جیسے کام نیا تجربہ تھے، لیکن انہوں نے اسے سیکھ لیا۔ شادی میں دونوں خاندانوں کی مکمل مدد حاصل رہی اور تقریباً 45 لاکھ روپے خرچ ہوئے، جس میں سفری اخراجات اور شادی کی تقریب شامل تھی۔
سلما کے پاس جرمن اور بوسنیائی پاسپورٹ ہیں اور وہ پاکستان میں اکمل کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتی ہیں۔ وہ پنجابی اور اردو بھی سیکھ رہی ہیں تاکہ کمیونیکیشن آسان ہو۔
محمد اکمل نے کہا کہ شادی کے بعد زندگی خوشگوار ہے اور دونوں ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور احترام سے رہ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے جوڑے کی سادگی اور محبت کو سراہا اور اس شادی کو محبت اور ثقافتوں کے امتزاج کی کامیاب مثال قرار دیا۔


