علامہ اقبال ڈاؤن ٹرین کے انجن میں آتشزدگی، مسافروں میں خوف و ہراس

کوٹ رادھا کشن(ایچ آراین ڈبلیو) کوٹ رادھا کشن کے علاقے سبزی منڈی کے قریب علامہ اقبال ڈاؤن ٹرین کے انجن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث انجن سے شعلے بلند ہونے لگے اور مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

حفاظتی اقدامات کے تحت ٹرین کو فوری طور پر پھاٹک پر روک دیا گیا، جس کے نتیجے میں ریلوے ٹریفک عارضی طور پر متاثر ہوئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور متعلقہ ریلوے عملہ موقع پر پہنچ گیا۔

ریلوے حکام کے مطابق مسافروں کو فوری طور پر انجن سے محفوظ فاصلے پر منتقل کر دیا گیا تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

انجن میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ ریلوے انتظامیہ صورتحال کو مکمل طور پر کنٹرول میں لینے کے بعد ٹریفک کی بحالی کے اقدامات کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں