راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)شہر میں موٹر سائیکل سواروں کے چالان کے معاملے پر ٹریفک وارڈنز اور سٹی ٹریفک پولیس آفیسر کے درمیان قانونی تنازع شروع ہو گیا ہے۔ شہریوں کے بجائے ٹریفک وارڈنز پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ روزانہ 15 سے 20 چالان یقینی بنائیں، چاہے موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ پہنے ہوں یا نہ ہوں۔
ذرائع کے مطابق جبری چالانوں سے انکار کرنے پر 61 ٹریفک وارڈنز پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 22 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ٹریفک وارڈن احسن شاہ نے سٹی ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کو قانونی نوٹس بھجوا کر کہا ہے کہ جبری چالان کے احکامات غیر قانونی ہیں اور انہیں فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔ واقعہ کے بعد شہر میں ٹریفک چالان کے عمل اور وارڈنز کے حقوق پر بحث بھی شدت اختیار کر گئی ہے۔


