نواب شاہ(ایچ آراین ڈبلیو) شیعہ علماء کونسل سندھ کے صوبائی صدر ڈاکٹر اسد اقبال زیدی نے نواب شاہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تنظیم کے مستقبل کے لائحہ عمل اور ملکی سلامتی کے حوالے سے اہم نکات پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل ہر قسم کی دہشت گردی کی نفی کرتی ہے، تاہم عالمی سطح پر بدامنی کے ذمہ دار مخصوص عالمی طاقتیں ہیں۔ سہون شریف میں منعقد ہونے والی شہداء کی برسی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں پورے سندھ کا دورہ کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر اسد اقبال زیدی نے ملک میں امن و امان کی گرتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موبائل فون چھیننے کے دوران قتل کی بڑھتی ہوئی وارداتیں افسوسناک ہیں۔ انہوں نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔ پریس کانفرنس میں سید ارشاد حسین شاہ، سید غلام علی شاہ، مولانا سرور شریعتی اور دیگر تنظیمی عہدیداران کی بڑی تعداد موجود تھی۔


