حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے قائم مقام صدر احمد ادریس چوہان نے وفاقی وزارت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور حج ڈپارٹمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ حیدرآباد میں مستقل حج اسٹیشن کے قیام کا وعدہ فوری طور پر پورا کیا جائے، کیونکہ حج 2026 کی تیاریاں قریب ہیں لیکن زمینی سطح پر تاحال کوئی عملی اقدام نہیں ہوا۔
احمد ادریس چوہان نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں چیمبر کی قیادت نے متعدد خطوط اور اخباری بیانات کے ذریعے مستقل حج اسٹیشن اور ویکسی نیشن سہولیات کے قیام کا مطالبہ کیا، لیکن صرف عارضی سہولیات مہران آرٹس کونسل، لطیف آباد میں فراہم کی گئیں جو مستقل اسٹیشن کا متبادل نہیں بن سکتیں۔
انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد اور اس کے مضافات بشمول مٹیاری، ٹنڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان، بدین، سجاول، ٹھٹھہ، جامشورو اور دادو سے ہر سال ہزاروں عازمین حج روانہ ہوتے ہیں، مگر انہیں ویکسی نیشن، پاسپورٹ پروسیسنگ اور ٹریننگ کے لیے کراچی جانا پڑتا ہے، جس سے وقت اور وسائل کا ضیاع ہوتا ہے، خاص طور پر بزرگ، خواتین اور کمزور طبقات کو شدید مشکلات پیش آتی ہیں۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں آج تک مستقل حج اسٹیشن قائم نہ ہونا نہ صرف شہریوں کے ساتھ ناانصافی ہے بلکہ سرکاری وعدوں کی خلاف ورزی بھی ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت، وزارت مذہبی امور، حج ڈپارٹمنٹ اور صوبائی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ حج 2026 سے قبل حیدرآباد میں مستقل حج اسٹیشن کے قیام کا اعلان کریں، زمین یا عمارت مختص کریں اور فوری طور پر عملی کام شروع کیا جائے تاکہ عازمین حج کو اپنے شہر میں مکمل سہولیات میسر ہوں۔


