واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین کی ہڑتال کا نوٹس، مذاکرات نہ ہونے پر احتجاج کی دھمکی

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری اور وفاقی سیکریٹری ڈاکٹر محمد فخر عالم کو IRA-2012 کی دفعہ (3)35 کے تحت ملک گیر ہڑتال کا نوٹس ارسال کر دیا ہے۔

عبداللطیف نظامانی نے کہا کہ قبل ازیں یونین نے IRA کی دفعات 20 اور 34 کے تحت ایجنڈا اور ڈسپیوٹ نوٹس بھجوائے، لیکن وزارت پاور ڈویژن کی جانب سے کوئی پیش رفت نہ ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ قانون کے مطابق وزارت پاور ڈویژن کو محنت کشوں کے مسائل حل کرنے اور حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے مذاکرات کرنے چاہیے تھے، لیکن 10 دن گزرنے کے باوجود کوئی بات چیت نہیں ہوئی، جو قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔

صدر یونین نے واضح کیا کہ اگر ہڑتال سے قبل مسائل مذاکرات کے ذریعے حل نہیں ہوئے تو 26 جنوری 2026 کو ملک بھر کے بجلی کے محنت کش ہڑتال کریں گے تاکہ نجکاری اور محنت کشوں کے حقوق سے متعلق فیصلوں پر احتجاج کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ واپڈا کے کارکن ملک بھر میں تقریباً 5 کروڑ صارفین کو بجلی کی سپلائی بحال رکھنے میں مصروف ہیں، اور سردی، گرمی، برسات، طوفان اور مشکل علاقوں میں خدمات فراہم کر کے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔ گزشتہ 9 سالوں میں بجلی کمپنیوں میں بھرتیاں نہ ہونے کی وجہ سے کارکن دگنا کام کر رہے ہیں۔

اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری سندھ اقبال احمد خان نے یقین دلایا کہ سندھ کے محنت کش ہائیڈرو یونین کے ساتھ ہیں اور نجکاری کے کسی بھی فیصلے پر مکمل احتجاج اور عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

یہ اجلاس لیبر ہال حیدرآباد میں منعقد ہوا جس میں صوبائی نمائندگان سمیت شعبہ خواتین کی چیئرپرسن ثروت جہاں بھی موجود تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں