آٹو بھان روڈ فیز تھری کی تاخیر سے سائٹ ایریا کی صنعتیں متاثر، چیئرمین زبیر گھانگھرا کا مطالبہ

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین زبیر گھانگھرا نے کہا ہے کہ آٹو بھان روڈ فیز تھری کی تعمیر میں تاخیر کے باعث سائٹ ایریا کی صنعتیں شدید مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔ سرکاری رپورٹس کے مطابق یہ پروجیکٹ 2026 کے حالیہ مہینوں میں مکمل ہونا چاہیے تھا۔

چیئرمین نے کہا کہ زیر تعمیر سڑکوں، غیر منظم ٹریفک اور متبادل راستوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے، جس سے صنعتی پیداوار، خام مال کی ترسیل اور تیار مال کی بروقت فراہمی متاثر ہو رہی ہے اور کاروباری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

زبیر گھانگھرا نے نشاندہی کی کہ ترقیاتی سڑکوں کی تعمیر کے دوران پانی کی لائنیں متاثر ہو رہی ہیں، جس سے صنعتی علاقوں کو پانی کی فراہمی میں خلل پڑنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر متبادل نظام بنایا جائے تاکہ پیداواری سرگرمیاں جاری رہ سکیں۔

چیئرمین نے این ٹی ڈی سی کی دیوار کو ہٹانے کی بھی سفارش کی، کیونکہ یہ دیوار ٹریفک اور صنعتی نقل و حمل میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ ساتھ ہی سائٹ ایریا میں ناکوں کی صفائی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظام پر زور دیا تاکہ فیکٹریوں کے داخلی راستے اور مزدوروں کی آمد و رفت متاثر نہ ہو۔

انہوں نے حکومت سندھ، کمشنر حیدرآباد ڈویژن، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے اپیل کی کہ آٹو بھان فیز تھری کے کام کو فوری تیز کیا جائے، تمام رکاوٹیں دور کی جائیں اور صنعتی ٹریفک کے لیے محفوظ متبادل راستے فراہم کیے جائیں۔

زبیر گھانگھرا نے کہا کہ ایسوسی ایشن حکومت کے تعاون کے لیے تیار ہے، تاہم صنعتوں اور مزدوروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے منصوبے کی بروقت اور مؤثر تکمیل ناگزیر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں