42

صدر اوروزیراعظم کی گل پلازہ آتشزدگی پرگہرے دکھ وافسوس، متاثرین کوامداد فراہم کرنے کا حکم

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کی ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں پیش آنے والی آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔

صدر آصف علی زرداری نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اور متعلقہ ادارے متاثرہ افراد اور تاجروں کو فوری اور مکمل امداد فراہم کریں، اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کمی نہ ہو۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات دینے کی ہدایت جاری کی اور متعلقہ اداروں کو ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیز کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

وزیراعظم نے متاثرہ تاجروں اور دیگر افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کام کریں، اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں حکومت برابر کی شریک ہے۔

شہباز شریف نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا اور شہریوں کی جانیں بچاتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ریسکیو اہلکار فرقان علی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں