78

وزیراعلیٰ سندھ کو گل پلازہ آتشزدگی سے متعلق رپورٹ پیش، 1200 سے زائد دکانیں جل گئیں

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو گل پلازہ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے افسوسناک واقعے سے متعلق کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کی تفصیلی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے، جس کے مطابق اس سانحے میں 1200 سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں۔

رپورٹ کے مطابق گل پلازہ میں آتشزدگی کا واقعہ رات 9:45 سے 10:15 بجے کے درمیان پیش آیا۔ فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی کے بعد آگ پر 60 سے 70 فیصد تک قابو پا لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حادثے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 22 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال کراچی کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔

امدادی کارروائیوں میں 22 فائر بریگیڈ گاڑیاں، 10 واٹر باؤزرز اور 4 اسنارکل گاڑیاں حصہ لیتی رہیں، جبکہ ریسکیو 1122 کی جانب سے 33 ایمبولینسوں نے زخمیوں کی منتقلی اور امدادی کاموں میں حصہ لیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گل پلازہ آتشزدگی میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس سانحے میں ہونے والے بھاری مالی نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے آگ بجھانے کے دوران شہید ہونے والے فائر فائٹر فرقان علی کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فائر فائٹرز نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر شہریوں کی زندگیاں بچائیں، جو قابلِ فخر اور قابلِ تحسین ہے۔

مراد علی شاہ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اور کولنگ کا عمل آگ کے مکمل خاتمے تک جاری رکھا جائے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو اداروں کو ہدایت کی کہ صورتحال مکمل طور پر معمول پر آنے تک آپریشن جاری رکھا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ادارے ہمہ وقت الرٹ اور تیار رہیں۔

سید مراد علی شاہ نے تاجر برادری کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے نہ پہلے تاجروں کو اکیلا چھوڑا ہے اور نہ آئندہ چھوڑے گی، حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں