ڈپٹی کمشنر کا ای بیز پورٹل کے ذریعے کاروباری سہولیات کی فراہمی پر اظہار اطمینان

پاکپتن(ایچ آراین ڈبلیو)ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پیپر لیس گورننس نظام نے کاروباری افراد کے لیے سرکاری خدمات کے حصول کو آسان، شفاف اور تیز تر بنا دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق ای بیز (E-Biz) پورٹل کے ذریعے این او سی، لائسنس اور دیگر کاروباری سہولیات کی آن لائن فراہمی سے نہ صرف وقت کی بچت ہو رہی ہے بلکہ رشوت، سفارش اور غیر ضروری تاخیر جیسے مسائل کا مؤثر خاتمہ بھی ممکن ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع میں ضلع کونسل، میونسپل کمیٹی، لیبر ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے دفاتر میں ای بیز پورٹل کے تحت خدمات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک موصول ہونے والی 328 درخواستوں میں سے 318 پر لائسنس اور این او سی جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید 132 درخواستیں مختلف مراحل میں ہیں۔ چند درخواستیں درخواست گزاروں کی جانب سے فیس یا مطلوبہ دستاویزات کی عدم فراہمی کے باعث زیر التوا ہیں۔

ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا کہ حکومت پنجاب کی مقرر کردہ دو ہفتے کی ٹائم لائن کے مطابق تمام درخواستوں پر کارروائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ ڈیجیٹل نظام سے ناواقف شہریوں کی رہنمائی کے لیے متعلقہ دفاتر میں سہولت ڈیسک بھی فعال ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ای بیز پورٹل جدید طرز حکمرانی کی عملی مثال ہے جو کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاروباری افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں