غازی آباد(ایچ آراین ڈبلیو) پولیس نے خطرناک ہنی ٹریپ گروہ کے خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کی ہدایت پر ایس ایچ او غازی آباد افتخار عالم کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان امتیاز اور زینت ہیں، جنہوں نے آن لائن ایپ کے ذریعے کاروبار کا جھانسہ دے کر شہری سرفراز کو اپنے گھر بلوا کر حبس میں رکھا۔ ملزمان نے شہری کو ڈراتے دھمکاتے ہوئے اس کے بھائی نبیل سے اسے چھوڑنے کے لیے 2 لاکھ روپے طلب کیے۔
اطلاع ملنے پر نبیل موقع پر پہنچے اور زیادہ رقم مانگنے پر پولیس کو اطلاع دی۔ ایس ایچ او غازی آباد افتخار عالم کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شہری سرفراز کو بحفاظت بازیاب کروایا اور ملزمان کو گرفتار کیا۔
ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ایس ایچ او افتخار عالم اور ان کی ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔


