فیصل آباد(ایچ آراین ڈبلیو)ڈائیز اینڈ کیمیکلز مرچنٹس ایسوسی ایشن نے سمال میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے اشتراک سے ایک ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس میں ملکی ایکسپورٹ کو بڑھانے، تاجروں کی رہنمائی اور چھوٹے تاجروں کی صلاحیت سازی پر زور دیا گیا۔
صدر ایسوسی ایشن نبیل احمد چوہان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ایکسپورٹ بڑھانے کی اشد ضرورت ہے، کیونکہ اس سے ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لوکل ڈائیز اینڈ کیمیکلز مینو فیکچررز میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ دوسرے ممالک کو اپنی پراڈکٹس ایکسپورٹ کر سکیں، صرف رہنمائی اور گائیڈنس کی ضرورت ہے۔
یو این کنسلٹنٹ محمد ادریس اصغر نے ملٹی میڈیا کے ذریعے مختلف ممالک میں ایکسپورٹ ہونے والی پراڈکٹس اور ان کی ڈاکومنٹیشن کے حوالے سے شرکا کو آگاہی فراہم کی اور سوالات کے جوابات دیے۔
سابق صدر محمد مغیث کھوکھر نے صدر نبیل احمد چوہان کی ویژنری قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کا سیمینار ایسوسی ایشن کے ممبران کے لیے ایک عملی نمونہ ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
گروپ لیڈر تاجر اتحاد محمد ایوب صابر نے کامیاب سیمینار پر صدر نبیل احمد چوہان، جنرل سیکرٹری محمود الہی اور کابینہ کو مبارکباد دی اور سمیڈا کی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر میڈم فاکیہ زبیر اور یو این کنسلٹنٹ محمد ادریس اصغر کے تعاون کو سراہا۔
ٹریننگ سیشن کے اختتام پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر میڈم فاکیہ زبیر اور یو این کنسلٹنٹ محمد ادریس اصغر کو ایسوسی ایشن کی جانب سے یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔


