تہران (ایچ آراین ڈبلیو) ایران کے دارالحکومت تہران سے ایک ہزار کلومیٹر جنوب میں واقع بندرگاہ کے حامل شہر بندر عباس میں زوردار دھماکوں اور آگ لگنے کے نتیجے میں 281 افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بندر عباس بندرگاہ پر کنٹینر پھٹنے کی وجہ سے دھماکے ہوئے، ہرموزگان کے کرائسز مینجمنٹ چیف مہرداد حسن زادہ نے کہا کہ یہ دھماکے بندرگاہ کے صحن میں ذخیرہ کیے گئے کئی کنٹینرز کے پھٹنے سے ہوئے، زخمیوں کو باہر نکالا جا رہا ہے۔
ایران کی کسٹم اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ ہفتے کے روز ہونے والا دھماکا سینا کنٹینر یارڈ میں ہوا، جو پورٹس اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن سے وابستہ ہے۔
دھماکے میں 281 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم کوئی جانی نقصان تاحال سامنے نہیں آیا، ایران کے جنوبی شہر بندر عباس میں واقع شاہد راجی بندرگاہ پر دھماکے کی ویڈیو مقامی میڈیا میں شائع ہوئی ہے، ہلاکتوں کی وجوہات یا ممکنہ ہلاکتوں کے بارے میں کوئی سرکاری تفصیلات فوری طور پر دستیاب نہیں ہیں۔
صوبہ ہرمزگان کی کرائسس مینجمنٹ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر مہرداد حسن زادہ نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ زخمیوں کو طبی مراکز میں منتقل کر دیا گیا ہے، سیکیورٹی حکام نے اس سے قبل جائے وقوعہ کا دورہ کیا تھا اور حفاظتی وارننگ جاری کی تھی۔
اس سے قبل ہرمزگان پورٹس اینڈ میری ٹائم ایڈمنسٹریشن کے عہدیدار اسماعیل مالکی زادہ نے کہا تھا کہ دھماکا شاہد راجی بندرگاہ کے قریب ہوا۔


