61

امریکا نے گرین لینڈ پر قبضے کے امکانات پر غور شروع کر دیا، یورپی ممالک کا مشترکہ ردعمل

واشنگٹن/کاپن ہیگ (ایچ آراین ڈبلیو)امریکا نے گرین لینڈ پر قبضے کے مختلف آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے بیان کے مطابق گرین لینڈ کا حصول صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قومی سلامتی کی ترجیحات میں شامل ہے، اور قطب شمالی کے اس خطے کو مخالف ممالک کی پیش قدمی روکنے کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ صدر اور ان کی ٹیم مختلف امکانات کا جائزہ لے رہی ہے، اور امریکی فوج کا استعمال بھی صدر کے اختیار میں ایک ممکنہ آپشن کے طور پر موجود ہے۔

دوسری جانب یورپی ممالک نے گرین لینڈ کی خودمختاری کے دفاع میں مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔ برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، اسپین، پولینڈ اور ڈنمارک نے کہا کہ گرین لینڈ وہاں کے عوام کا ہے اور کوئی بیرونی طاقت اس کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے آزاد ریاستوں کی خودمختاری، حدود اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر زور دیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گرین لینڈ پر امریکی دلچسپی میں قطب شمالی میں جغرافیائی اور سٹریٹیجک اہمیت ایک بڑا عنصر ہے، جبکہ یورپی ممالک کی مشترکہ پوزیشن اس خطے میں تنازعات کو روکنے کی کوشش ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں