سوئٹزرلینڈ(ایچ آراین ڈبلیو)برن میں واقع ایک بار میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 47 ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں، جن میں آگ لگنے کی وجہ بھی سامنے آ گئی ہے۔
تحقیقات کے مطابق بار میں آگ ویٹر کی غلطی کے باعث لگی، جبکہ بار میں موجود لکڑی کے فرش کی وجہ سے آگ نے تیزی سے شدت اختیار کر لی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے احاطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے پھیلاؤ کی رفتار اتنی تیز تھی کہ متعدد افراد کو باہر نکلنے کا موقع نہ مل سکا۔
ریسکیو اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متعدد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، تاہم کئی افراد دم گھٹنے اور جھلسنے کے باعث جانبر نہ ہو سکے۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے پر سوئس صدر نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے برن شہر میں پانچ روز تک قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ صدر کی جانب سے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا تاکہ آئندہ ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔


