کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے لیاری ایکسپریس وے پر شجرکاری مہم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔
اس موقع پر ایس ایس پی سینٹرل ، سی پی کے چیف مراد سونی، ڈپٹی چیف عامر چوٹانی ،کنوینیئر گرین کراچی پروجیکٹ محمد حنیف خان، ممبر سیلانی گروپ منور، مدنی بشیر، فاریسٹ ڈائریکٹر ذیشان و دیگر افسران و نمائندگان بھی موجود تھے۔
کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے چیف مراد سونی اور محکمہ جنگلات کے افسران نے کراچی پولیس چیف کی آمد پر مسرت کا اظہار کیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے سی پی کے، محکمہ جنگلات اور سیلانی کے مشترکہ تعاون سے لیاری ایکسپریس وے پر شجر کاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے پودا لگایا اورکہا کہ پائیدار ترقی اور بہتر شہری زندگی کے لئے درخت لگانا ہماری اجتماعی زمہ داری ہے جس میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
اس موقعہ پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے مراد سونی اور انکی ٹیم کو کراچی شہر میں ماحول کو صاف کرنے کیلئے شجر کاری مہم کا آغاز کرنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر معززین کو شیلڈز اور اجرک کے تحائف پیش کئے گئے۔


