سافکو نے لائیو سٹاک کے بعد زرعی فصلوں کی انشورنس پر کام شروع کر دیا

حیدرآباد (ایچ آراین ڈبلیو) سافکو نے پاکستان کے زرعی شعبے میں ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے۔ چھوٹے کسانوں کے لیے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے ہم آہنگ ہونے اور ان کی فصلوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جوبلی انشورنس کمپنی کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔ ’انشورزیلینس انویسٹمنٹ فنڈ‘ کے تعاون سے طے پانے والے معاہدے پر جوبلی ہاؤس کراچی میں دستخط کردیے ہیں جس کا آغاز ضلع مٹیاری سے کیا جائے گا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سافکو مائیکرو فنانس کمپنی کے بانی اور سی ای او سلیمان جی ابڑو نے کہا، “ہمارا مقصد ہمیشہ دیہی لوگوں کو بااختیار بنانا رہا ہے۔ یہ شراکت داری چھوٹے کسانوں کو موسمیاتی خطرات سے بچانے اور پائیدار معاش تک ان کی رسائی کو یقینی بنانے کی ہماری صلاحیت کو بڑھا دے گی۔ یہ ایک اہم قدم ہے جو مالیاتی تحفظ کے ساتھ مربوط ہے۔
سافکو کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جوبلی انشورنس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او ظفر ارشد نے کہا، “ہمیں مٹیاری کے محنتی کسانوں کی خدمت کے لیے سافکو کے ساتھ کھڑے ہونے پر فخر ہے۔
اس سے نہ صرف کسانوں کو اپنی فصلوں کی حفاظت میں مدد ملے گی بلکہ ان کا مستقبل بھی محفوظ ہوگا۔ مائیکرو انشورنس سنٹر ملیمین امریکہ کے سی ای او مائیکل میک کارڈ نے اس پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ کس طرح سمارٹ انشورنس حل موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے کامیابی سے نمٹنے کی صلاحیت کو بڑھا سکتے ہیں۔
شراکت داری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، سافکو مائیکرو فنانس کے منیجنگ ڈائریکٹر سید سجاد علی شاہ نے کہا کہ یہ معاہدہ لوگوں کی روزی روٹی اور ذریعہ معاش کے وسائل کے تحفظ کے لیے ہمارے عزم کا اظہار ہے۔ اس کثیر جہتی حل کے ذریعے، ہم کسانوں کو اعتماد اور وقار کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے بااختیار بنا رہے ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم پاکستان کے لیے مالیاتی خدمات فراہم کرنے کے لیے صف اول میں ہیں۔
معاہدے پر ایس ایم سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر سید سجاد علی شاہ اور جوبلی انشورنس کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او ظفر ارشد نے دستخط کیے۔ اس موقع پر ایس ایم سی ایل کے آپریشنز منیجر اور فوکل پرسن حبیب اللہ خلجی، جوبلی انشورنس کی ملیحہ شجاع، سبین حمید، اقراء بتول اور دیگر موجود تھے۔ یاد رہے کہ تین روز قبل سافکو نے مویشیوں کے کثیر جہتی تحفظ کے لیے ایشیا انشورنس کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط بھی کیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں