پاکستان کی تاریخ کا پہلا پرنٹنگ میوزیم تکمیل کے مراحل میں ہے ۔ جام اکرام اللہ دھاریجو

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ یہ بات صوبہ سندھ کے لئے باعث فخر ہے کہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا پرنٹنگ میوزیم تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ عنقریب اس کا افتتاح کردیا جائے گا اور عام پبلک کیلئے یہ میوزیم کھول دیا جائے گا ۔ یہ بات انہوں نے پرنٹنگ پریس کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پرنٹنگ اینڈ اسٹیشنری ڈپارٹمنٹ کے کنٹرولر فہیم قریشی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ کنٹرولر فہیم قریشی نے صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قدیم مشینوں کو خوبصورت طریقے سے محفوظ کیا گیا ہے اور ساتھ ساتھ پرنٹنگ کے مختلف مراحل اور پرنٹیڈ مٹیریل کے مختلف ادوارکو خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے دورے کے دوران ادارے کی کارگردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ زیر تکمیل کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور عوام کو ایک بہتریں سہولت مہیا کی جائے۔ پرنٹنگ اندسٹریز متعلقہ لوگوں کے لئے یہ منفرد حیثیت کا درجہ رکھتی ہے۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے میوزیم میں موجود اشیاء میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں