کراچی/گھوٹکی(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے ضلع گھوٹکی کے علاقے کراس بند خان گڑھ چوک میں اندھڑ، لاٹھانی، بکھرانی، شیخانی اور مزاری گینگز کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ ڈاکوؤں کے خلاف بڑا آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مشہور ڈاکو عبداللہ دشتی، ہزارہ عرف لالا شیخانی اور آذان عرف چھلو سمیت 9 ڈاکو ہلاک جبکہ 27 زخمی ہوئے۔
ہلاک ڈاکو ہزارہ عرف لالا شیخانی اور آذان عرف چھلو کے سر پر پنجاب پولیس نے 50، 50 لاکھ روپے انعام رکھا ہوا تھا۔
مسافر بس سے اغوا کا واقعہ — کارروائی کی وجہ
15 دسمبر 2025 کی رات ضلع گھوٹکی اوباڑو کے قریب صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس صدا بہار کو مسلح افراد نے روکا اور 18 مسافروں کو اغوا کر لیا۔
رینجرز اور پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں تمام مغوی بازیاب کرا لیے گئے، جس کے بعد علاقے میں جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا۔
مزید 8 مغویوں کی بازیابی
ترجمان کے مطابق جاری آپریشن کے دوران وہ 8 مغوی بھی بازیاب کرا لیے گئے جو پہلے سے ڈاکوؤں کی حراست میں تھے۔
بھاری اسلحہ اور سامان برآمد
ڈاکو تنویر اندھڑ، چھلو بکھرانی اور قابل شیخانی کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و ایمونیشن برآمد کیا گیا، جن میں شامل ہیں:
12.7 گن
ایل ایم جی
آر آر 75
2 × آر پی جی 7
4 × جی تھری
4 × ایس ایم جی
3 × 12 بور
رپیٹر
9 ایم ایم پسٹل
مختلف اقسام کا ایمونیشن
9 موبائل فون
ایک کرولا گاڑی
تمام برآمد شدہ سامان، اسلحہ، ایمونیشن اور بازیاب مغوی پولیس تھانہ سومیانی، تحصیل روجھان کے حوالے کر دیے گئے۔
عوام سے تعاون کی اپیل
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ڈاکوؤں کو پناہ دینے والے عناصر اور جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کریں۔
شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر دیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔


