کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) شہرِ قائد کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن سے اغوا ہونے والا تین سالہ بچہ زین اندرونِ سندھ کے شہر مورو سے بحفاظت بازیاب کر لیا گیا ہے۔ اغوا کاروں نے بچے کی رہائی کے لیے دو کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
بچے کی بازیابی کے لیے ملیر پولیس اور سی پی ایل سی نے ضلع نوشہرو فیروز کے شہر مورو میں مشترکہ کارروائی کی، جہاں ایک گھر پر چھاپہ مار کر بچے کو بازیاب کرایا گیا جبکہ موقع سے ایک ملزم کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔
اس حوالے سے ایس ایس پی عبدالخالق پیرزادہ نے بتایا کہ ملزمان نے تین سالہ زین کو گھر کے قریب کھیلتے ہوئے اغوا کیا تھا۔ واقعے کے بعد فوری طور پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او شاہ لطیف کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے مسلسل تکنیکی اور انٹیلیجنس بنیادوں پر کام کیا۔ کارروائی میں اے وی سی سی اور نوشہرو فیروز پولیس نے بھی معاونت فراہم کی۔
ایس ایس پی کے مطابق اس بات کی تفتیش کی جا رہی ہے کہ ملزمان بچے کو کراچی سے تقریباً 400 کلومیٹر دور مورو کیسے لے گئے، جبکہ گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو جلد والدین کے حوالے کر دیا جائے گا اور واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


