کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) کراچی میں ای چالان سسٹم کا جائزہ لینے کے لیے حکومت سندھ نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو ٹریفک کی مجموعی صورتحال کو بہتر اور منظم بنانے کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کو ری ویو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ کمیٹی میں 6 اراکین صوبائی اسمبلی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سیکریٹری قانون اور سیکریٹری داخلہ بھی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہوں گے۔
کمیٹی میں ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ٹریفک کو بھی بطور رکن شامل کیا گیا ہے، جو ٹریفک نظام اور ای چالان سسٹم سے متعلق تکنیکی اور انتظامی پہلوؤں پر بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی ای چالان کے جرمانوں کا تفصیلی جائزہ لے گی، جبکہ شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ای چالان کے فائن میں کمی یا مناسب تبدیلیوں سے متعلق تجاویز بھی مرتب کی جائیں گی۔
حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ عوام کو غیر ضروری مشکلات سے بچانا اور کراچی میں ٹریفک کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔


