شمالی وزیرستان(ایچ آراین ڈبلیو) تحصیل میر علی میں دہشت گردوں نے رات گئے پاک فوج کی جانب سے تعمیر کردہ گورنمنٹ پرائمری اسکول ایاز کوٹ خوشخالی کو بم دھماکوں سے تباہ کردیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکوں کے نتیجے میں اسکول کی عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
علاقے کے عمائدین اور حکام نے اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کو نشانہ بنا کر دہشت گرد ایک بار پھر اپنی کمزوری، خوف اور ترقی دشمن سوچ کا ثبوت دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کے مستقبل پر حملہ دراصل امن کو سبوتاژ کرنے اور علاقے کو پسماندہ رکھنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر نہ صرف تعلیمی ماحول کے دشمن ہیں بلکہ خطے میں ترقی اور استحکام کے راستے میں بھی رکاوٹ بن رہے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا ہے۔


