57

خانیوال پولیس کی کارکردگی کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا رہا ہے٬ اسماعیل کھاڑک

خانیوال (ایچ آراین ڈبلیو)ڈسٹرکٹ پولیس افیسر اسماعیل کھاڑک نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن اور پالیسیوں کی روشنی میں ضلع بھر میں خانیوال پولیس کی کارکردگی کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا رہا ہے٬ عوامی ریلیف کو ترجیح دیتے ہوئے پولیس کو عوام کا حقیقی محافظ اور خادم بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں٬ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت ہم نے پولیس سروس کو زیادہ شفاف، جوابدہ اور عوام دوست بنایا ہے٬ خواتین سے زیادتی، گھریلو تشدد اور بچوں کے تحفظ جیسے حساس معاملات میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے۔یہ بات انہوں نے صحافیوں سے غیر رسمی ملاقات کے دوران کہی۔ ڈی پی او نے کہا کہ سڑکوں پر موثر پولیس گشت، پٹرولنگ یونٹس، ناکہ بندیوں اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کے ذریعے جرائم کی روک تھام کی جا رہی ہے٬ ہم نے حالیہ مہینوں میں درجنوں اشتہاری اور مفرور ملزمان کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی پولیس نے اشتہاری اور عدالتی مفرور مجرمان کے خلاف خصوصی مہمات چلائیں جن کے نتیجے میں بڑی تعداد میں گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں اس کے ساتھ ساتھ جرائم کی شرح میں واضح کمی واقع ہوئی ہے جو پولیس اور عوام کے باہمی اعتماد کا ثبوت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ منشیات جیسے ناسور کے خاتمے کے لیے بھرپور مہم جاری ہے تاکہ ایک صحت مند اور محفوظ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ڈی پی او اسماعیل کھاڑک نے میڈیا نمائندگان کے توسط سے عوام سے اپیل کی کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ ہم سب مل کر ایک پرامن، محفوظ اور جرائم سے پاک معاشرہ قائم کر سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں