جلال آباد(ایچ آراین ڈبلیو)30 بڑے افغان تاجروں نے پاکستان کے ساتھ تجارت کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی تعطل کے باعث افغانستان کے تاجروں کو بھاری معاشی نقصان ہو رہا ہے۔
افغان تاجروں کے مطابق کراچی پورٹ پر سینکڑوں افغان کنٹینرز پھنسے ہوئے ہیں جن میں سے 400 کنٹینرز روزانہ 150 ڈالر فی کنٹینر ڈیمریج برداشت کر رہے ہیں، جس سے مجموعی نقصان لاکھوں ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
سینئر افغان تاجر ببرک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی راستوں کی فوری بحالی انتہائی ضروری ہے تاکہ تاجروں کا نقصان کم ہو اور دونوں ممالک کے معاشی روابط متاثر نہ ہوں۔
تاجروں نے دونوں حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے معاملات کو فوری طور پر حل کیا جائے اور تجارت کے تمام راستے کھولے جائیں۔


