سٹی کورٹ کے اطراف وکلا کی گاڑیوں پر ای چالان بند کیے جائیں،ڈی آئی جی ٹریفک کو خط

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)بار ایسوسی ایشن نے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ سٹی کورٹ کے اطراف وکلا کی پارکنگ پر ای چالان جاری نہ کیے جائیں۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ روزانہ بڑی تعداد میں وکلا سٹی کورٹ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے آتے ہیں، جبکہ پارکنگ کی جگہ انتہائی محدود ہے۔

کراچی بار کا کہنا ہے کہ سٹی کورٹ کے ساتھ واقع ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک کا دباؤ بہت زیادہ ہوتا ہے، اور پارکنگ کی سہولت نہ ہونے کے باعث وکلا مجبورأً سٹی کورٹ کے اطراف گاڑیاں کھڑی کرتے ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ای چالان جاری ہونے سے وکلا شدید مشکلات اور اضافی مالی بوجھ کا سامنا کر رہے ہیں، لہٰذا سٹی کورٹ کے اطراف اور ایم اے جناح روڈ پر وکلا کی گاڑیوں کو چالان نہ کیا جائے۔

بار ایسوسی ایشن نے اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے ٹریفک حکام سے فوری اقدامات کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں