کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھی ثقافت کے دن نکالی جانے والی ایک ریلی کے دوران ہنگامہ آرائی اور پولیس پر حملے کے واقعات سامنے آنے کے بعد 400 افراد کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز مختلف علاقوں میں نکالی جانے والی ریلیوں میں سے ایک ریلی نے شاہراہِ فیصل کے راستے ریڈ زون کی جانب بڑھنے کی کوشش کی، جسے روکنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔ اس دوران ریلی کے شرکا اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریلی کے کچھ شرکا نے پتھراؤ کرتے ہوئے اہلکاروں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ پولیس نے موقع پر 45 افراد کو حراست میں لیا تھا، جن میں سے 12 افراد کو بعد ازاں رہا کر دیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق مقدمہ موقع سے گرفتار 12 ملزمان سمیت مزید 300 سے 400 نامعلوم افراد کے خلاف دہشت گردی، ہنگامہ آرائی اور سرکاری اہلکاروں پر حملے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور کیمروں کی مدد سے دیگر شرکا کی شناخت کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔


