کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ حکومت کے نئے منصوبے S-4 کے تحت نصب کیے گئے جدید ترین اے آئی کیمروں کی مدد سے کراچی سے چوری یا چھینی گئی 150 سے زائد گاڑیاں برآمد کر لی گئیں، جبکہ گاڑیوں کی چوری اور چھینا جھپٹی کے الزامات میں ایک خاتون سمیت 200 ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ چہرہ شناسائی اور نمبر پلیٹ شناخت کرنے والے جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس کیمرے مختلف شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر نصب کیے گئے ہیں۔ کراچی کی چوری شدہ گاڑیوں اور مطلوب ملزمان کا تمام ڈیٹا S-4 کیمروں کے ڈیٹا بینک میں شامل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جیسے ہی کوئی چوری شدہ گاڑی یا مطلوب شخص شہر کے انٹری یا ایگزٹ پوائنٹ سے گزرتا ہے، تو اے آئی کیمرے اس کی فوری اور خودکار نشاندہی کر دیتے ہیں۔
نشاندہی کے بعد سندھ پولیس ہائی وے پیٹرول، جو حال ہی میں تشکیل دی گئی ہے، گاڑی کو روک کر ملزمان کو موقع پر گرفتار کرتی ہے، اور اس طریقے سے چوری یا چھینی گئی گاڑیاں برآمد کی جارہی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم کی روک تھام میں نمایاں بہتری آرہی ہے اور S-4 منصوبہ شہر میں سیکیورٹی کے نظام کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔


