انسدادِ دہشت گردی عدالت کا پولیس کو جھٹکا، دہشت گردی کی دفعات مسترد

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)انسدادِ دہشت گردی کی منتظم عدالت نے ریڈ زون میں جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کیس میں پولیس کی جانب سے دہشت گردی کی دفعات کے تحت ریمانڈ لینے کی درخواست مسترد کر دی اور 12 ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے پولیس تفتیش پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ جج نے ریمارکس دیے کہ ایف آئی آر مبہم ہے اور محض دفعہ 144 کی خلاف ورزی کو دہشت گردی کا رنگ دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ عدالت نے کہا کہ تفتیشی افسر کسی قسم کا سنجیدہ یا قابلِ ذکر نقصان ثابت نہ کر سکا۔

عدالت نے مزید کہا کہ پراسیکیوشن بھی ریاست مخالف نعروں یا دہشت گردی کے ٹھوس شواہد فراہم کرنے میں ناکام رہا، جس کے باعث مقدمے میں لگائی گئی انسدادِ دہشت گردی کی دفعات برقرار نہیں رکھی جا سکتیں۔

عدالت کے حکم کے مطابق ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرکے قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں