راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)جی ایچ کیو میں چیف آف ڈیفنس فورسز کے اعزاز میں گارڈ آف آنر کی ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
یہ اعزازی تقریب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کے موقع پر منعقد کی گئی، جس میں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان سمیت اعلیٰ عسکری افسران نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران اعزازی دستے نے مہمانِ خصوصی کو جنرل سلامی پیش کی، جس کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دستے کا معائنہ کیا۔
تقریب میں تینوں مسلح افواج کے جوانوں نے بھرپور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، جبکہ شرکاء کی جانب سے مہمانِ خصوصی کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی گئی۔


