نئی دہلی(ایچ آراین ڈبلیو) بھارت میں پائلٹس کی کمی کا سنگین بحران کم ہونے کے بجائے مزید شدت اختیار کر گیا ہے، اور انڈیگو ایئرلائن کی انتظامی غفلت کے باعث آج بھی ملک بھر میں سینکڑوں پروازیں منسوخ کرنا پڑ گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انڈیگو کے فلائٹ آپریشنز مسلسل پانچویں روز بھی بری طرح متاثر رہے۔ پائلٹس کے اوقاتِ کار کے تعین میں شدید بدنظمی اور مناسب منصوبہ بندی کے فقدان نے صورتحال مزید خراب کر دی ہے، جس کے نتیجے میں اندرونِ ملک سینکڑوں مسافر پھنس کر رہ گئے۔
رپورٹس کے مطابق انڈیگو ایئرلائن 400 طیاروں کے ساتھ یومیہ تقریباً 2300 پروازیں آپریٹ کرتی ہے، تاہم پائلٹس کی کمی اور شیڈولنگ کے مسائل کے باعث بڑی تعداد میں پروازیں وقتی طور پر معطل کر دی گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں نے بتایا ہے کہ فضائی سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے بھارتی سول ایوی ایشن حکام نے پائلٹس کے اوقاتِ کار سے متعلق نئی پابندیاں بھی نافذ کی ہیں، جن کا اطلاق فوری طور پر ایئرلائنز کے آپریشنز پر پڑ رہا ہے۔
فضائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر انڈیگو انتظامیہ نے فوری اصلاحات نہ کیں تو یہ بحران طویل ہو سکتا ہے، جس سے بھارت کا فضائی نظام مزید دباؤ کا شکار ہو جائے گا۔


