اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) صدرِ مملکت نے آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 228 کے تحت معروف عالمِ دین علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین مقرر کر دیا۔ وزارتِ قانون و انصاف نے اس تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق علامہ راغب حسین نعیمی کی بطور چیئرمین تعیناتی تین سال کے لیے کی گئی ہے۔ انہیں وزیراعظم پاکستان کی سفارش پر کونسل کا رکن نامزد کرنے کے بعد چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین کا عہدہ یکم نومبر 2025 کو خالی ہوا تھا۔ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی پہلے بھی کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، اور اپنی رکنیت مکمل ہونے پر سبکدوش ہوئے تھے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق علامہ راغب حسین نعیمی کی دوبارہ تعیناتی سے اسلامی نظریاتی کونسل میں تسلسل اور پالیسی سازی کے عمل کو تقویت ملے گی۔


