کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) کلفٹن کے علاقے گِزری نورانی مسجد کے قریب پیپلز پارٹی آفس کے پاس ایک دل خراش واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر گھریلو تنازع کے دوران سمعی اللہ نامی شخص نے اپنی اہلیہ کلسوم (عمر تقریباً 45 سال) اور 12 سالہ بیٹی مریم کو چھری کے وار کرکے قتل کردیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم سمعی اللہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی شواہد گھریلو جھگڑے کی نشاندہی کرتے ہیں، تاہم اصل حقائق مزید تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔
دونوں مقتولین کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے لیے جے پی ایم سی منتقل کردی گئی ہیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ ملزم سے پوچھ گچھ جاری ہے اور واقعے سے متعلق مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔


