ڈیرہ بگٹی(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان ہاؤس سوئی میں بلوچ ریپبلکن آرمی (براہمداغ بگٹی گروپ) کے اہم ترین کمانڈر وڈیرہ نور علی چاکرانی نے اپنے 100 سے زائد فراری ساتھیوں کے ساتھ سرنڈر کرتے ہوئے ہتھیار ڈال دیے۔ سرنڈر کی یہ اہم تقریب میرا فتاب بگٹی کی موجودگی میں منعقد ہوئی، جہاں ریاست سے وفاداری کا حلف بھی لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فراریوں کا یہ قدم ڈیرہ بگٹی میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے انتہائی مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف اُن کے قومی اداروں پر اعتماد کا اظہار ہوتا ہے بلکہ علاقے میں دیرپا امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرنے کے عزم کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔ حکام اور مقامی عمائدین نے اس فیصلے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
تقریب کے دوران کہا گیا کہ وڈیرہ نور علی چاکرانی اور ان کے ساتھیوں کا ہتھیار ڈالنا ڈیرہ بگٹی میں خوشحالی اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کی جانب اہم قدم ہے۔
ساتھ ہی پہاڑوں میں موجود دیگر فراریوں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ ریاست پر اعتماد کرتے ہوئے واپس آئیں، امن کا حصہ بنیں اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے ہموار راستہ اختیار کریں۔
تقریب میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ ڈیرہ بگٹی کو خوف، بدامنی اور بھتہ خوری سے پاک ایک محفوظ اور ترقی یافتہ خطہ بنایا جائے گا۔


